ماروی میمن نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سالانہ کارکردگی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کردی

ضرورت مند افراد کی بہتری اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کیلئے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کررہا ہے ، پاکستان کی عورتوں کے حالات اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کیلئے بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے،ممنون حسین کی چیئرپرسن بی آئی ایس پی سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 6 اکتوبر 2016 18:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کی بہتری اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کررہا ہے ، پاکستان کی عورتوں کے حالات اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کے لیے بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو ایوان صدر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

چیئرپرسن نے اپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ صدر مملکت کو بھی پیش کی اور ادارے کی کارکردگی کے متعلق آگاہ کیا۔صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ تین سالوں سے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نیکہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کاوسیلہ تعلیم پروگرام جوپرائمری بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ضرورت مند خاندانوں کی مالی امداد کی صورت میں ہے، ایک احسن اقدام ہے۔

اس سے اسکولوں میں بچوں کے پڑھنے کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے ادارے میں شفافیت لانے کی طرف بھر پور توجہ دے رہا ہے اور اس کے لیے وہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں رہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی جنوبی ایشیاکا سب سے بڑا سماجی ویلفیئر کا ادارہ ہے جو لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی طرف کوشاں ہے۔

صدر مملکت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ ، ملازمین اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں کی وجہ سے یہ پروگرام غریب افراد کی بہتری کے لئے مزید موثر ثابت ہو گا۔اس موقع پر چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہاکہ ان کا ادارہ 53 لاکھ سے زائد خاندانوں کو سہ ماہی وظائف فراہم کرتا ہے اور اس کے لیے اے ڈی پی، ڈی آئی ایف ڈی ، ورلڈبینک کے تحت کام کرنے والے اداروں کی مدد لی جاتی ہے۔

ماروی میمن نے بتایا کہ حکومت نے سہ ماہی وظیفہ تین ہزار سے بڑھا کر چار ہزار آٹھ سو چونتیس روپے کر دیا ہے اور اس کا بجٹ 2016-17 میں ایک سو پندرہ بلین روپے کر دیا ہے۔ بی آئی ایس پی نے ادائیگیوں کے لئے بائیومیٹرک تصدیق کا نظام (بی وی ایس ) شروع کیا ہے جو جلد پورے ملک تک بڑھا دیا جائے گا۔ ماروی میمن نے مزید بتایا کہ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری سروے جون 2016 میں شروع کیا گیا تھا جو مارچ 2017 میں مکمل ہو جائے گا۔