پاکستان ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد کا شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے طلبا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعرات 6 اکتوبر 2016 18:42

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے پاکستان کو سرسبز بنانے کے لئے بچوں میں ماحولیات کے تحفظ اور جنگلات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ وہ جمعرات کو گرین پاکستان پروگرام کے تحت شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے طلبا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اس سلسلے میں بچوں کی کاوشوں کو سراہا اور انوائرنمنٹ اینڈ ڈویلپنٹ ایکشن ریسرچ (پائیدار) کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے چھوٹے چھوٹے اقدامات بڑی تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے گرین پاکستان پروگرام کے تحت سکول کے بچوں کی شجرکاری مہم میں شمولیت کے مقاصد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کو سرسبز بنانے کے حوالے سے بچوں کی ذہن سازی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نومبر میں ماحولیات سے متعلق عالمی فورم کانفرنس آف پارٹیز سی او پی ۔22 میں شرکت کرے گا، شجرکاری کی یہ مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ماحولیات کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے موسمیاتی تبدیلی و گرین پاکستان پروگرام رضوان محبوب اور وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی سید ابو احمد عاکف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور بالخصوص گرین پاکستان پروگرام کے مقاصد کے حصول کے لئے طلبا اور اساتذہ کا کردار بہت اہم ہے۔

پائیدار کے چیف ایگزیکٹو سید قطب نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت شجرکاری مہم میں اسلام آباد کے سات سکولوں نے حصہ لیا اور تقریبا 600 پودے لگائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :