لاہور ہائیکورٹ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے تبادلے کا نوٹیفکیشن واپس لئے جانے کیخلاف دائر درخواست نمٹا دی

جمعرات 6 اکتوبر 2016 18:37

لاہور۔6 اکتوبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب ظفر حسن رضاکے تبادلے کا نوٹیفکیشن واپس لئے جانے پر تبادلے کیخلاف دائر درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔ چیف جسٹسسید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب ظفر حسن رضا کے وکیل حافظ طارق نسیم نے عدالت کو بتایا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب ظفر حسن رضاکا اٹامک انرجی کمیشن میں تبادلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت اکیسویں گریڈ کے افسر کا تبادلہ وزیر اعظم اکے احکامات کے تحت ہی عمل میں لایا جا سکتا ہے، اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کو اکیسویں گریڈ کے افسر ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر اٹامک انرجی کمیشن میں ممبر فنانس کے بائیسویں گریڈ کے عہدے پر ٹرانسفر کیا گیا ہے جو غیر قانونی اقدام ہے۔ سرکاری وکیل نے عدلت کو آگاہ کیا کہ آڈیٹر جنرل پنجاب نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے تبادلے کا نوٹیفکیشن لے لیا ہے۔ انہوں نے تبادلے کی واپسی کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کر دیاجس پر عدالت نے درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔