نیشنل ٹیرف کمیشن کی تشکیل ، چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کی غیر قانونی تعیناتیوں کیخلاف درخواست پرفریقین کے وکلاء مزید بحث کیلئے طلب

جمعرات 6 اکتوبر 2016 17:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی تشکیل ، چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کی غیر قانونی تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے کل ( جمعہ ) طلب کر لیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کے روبرو درخواست گزار کے وکیل شفقت محمود چوہان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کے چیئرمین اور دیگر ممبران کو سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے برعکس تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل ٹیرف کمیشن کی تشکیل کے لئے پانچ ممبران کا ہونا قانونی تقاضا ہے مگردو ممبران کی عدم موجودگی کے باوجود غیر قانونی طور پر امپورٹڈ اشیاء پراینٹی ڈمپنگ کی مد میں ٹیکس وصولی کی جا رہی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے فاضل عدالت سے استدعا کی گئی کہ کمیشن کی غیر قانونی تشکیل کے باعث جاری کئے جانے والے ٹیکس نوٹسز پر حکم امتناعی جاری کیا جائے اور کمیشن کے چیئرمین کے علاوہ غیر قانونی تعینات کئے جانے والے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتیاں کالعدم قرار دی جائیں۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج ( جمعہ ) 7اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔