چیئرمین پیمرا کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کیخلاف درخواست پر تمام ریکارڈ 23نومبر کو پیش کرنے کا حکم

جمعرات 6 اکتوبر 2016 17:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر تعیناتی کا تمام ریکارڈ 23نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ قوانین کے تحت چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لئے کم ازکم تعلیمی قابلیت پوسٹ گریجوائٹ مقرر ہیمگر وفاقی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر ابصار عالم کو گریجوایٹ ہونے کے باوجود میرٹ کے برعکس عارضی طور پر اس عہدے پر تعینات کر دیا ہے جو کہ قوانین کے برعکس ہے ۔

سپریم کورٹ کے فیصلے اور قوانین کی روشنی میں حکومت میرٹ پر پورا اترنے والے امیدوار کو ہی پیمراء کے چیئرمین کے طور پر مستقل بنیادوں پر تعینات کر سکتی ہے۔لہٰذامعزز عدالت سے استدعا ہے کہ چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے چیئرمین پیمراء کی تعیناتی کا تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23نومبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :