حکومت پاکستان حریت رہنماؤں کی رہائی کیلئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھے، عمران کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ قابل افسوس ہے، راجہ محمد فاروق حیدر

بھارتی ڈی جی ایم او بالی ووڈ کاکوئی ڈائریکٹر لگتا ہے ،بھارت کے پاس سرجیکل سٹرائیک کے کوئی ثبوت ہیں تو پیش کرے کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کو منہ توڑجواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،یاسین ملک کوکچھ ہوا تو ذمہ دار مودی ہونگے ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا انٹرویو

جمعرات 6 اکتوبر 2016 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہاہے کہ حکومت پاکستان حریت رہنماوں کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھے ،کشمیر پر بلائے گئے پارلیمینٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر تحریک انصاف کے فیصلے پر افسوس ہے ۔بھارتی ڈی جی ایم او بالی ووڈ کاکوئی ڈائریکٹر لگتا ہے ،بھارت کے پاس سرجیکل سٹرائیک کے کوئی ثبوت ہیں تو پیش کرے ،کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کو منہ توڑجواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔

یسین ملک کوکچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار مودی ہونگے ۔ کشمیری سینوں پر گولی کھانے کی رسم ادا کرتے رہیں گے ۔ایک انٹرویو میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج پہلے ہم سویلینز کو مارے گی پھر وہ پاک فوج تک پہنچے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک بھی شخص اپنا گھر بار چھوڑنے پر تیار نہیں ہے ہم لڑیں گے بھی وہی اور مریں گے بھی وہی اپنی مٹی چھوڑ کر کہاں جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر کی حیثیت سے پاکستان کی داخلی سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت سے دکھ اور افسوس ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کا ڈی جی ایم او بالی ووڈ کا کوئی ڈائریکٹر لگتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیریوں کی پانچویں نسل کو منتقل ہو چکی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ آج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے پاکستانی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر روا رکھے جانے والے مظالم کو پاکستانی عوام اور عالمی برادری کو ضرور دکھائے ۔

انہوں نے کہاکہ یسین ملک کو بھارتی فوج نے ایک تحقیقاتی مرکز میں بند رکھا ہوا ہے جہاں ان کی صحت دن بدن گر رہی ہے ہمیں ان کی صحت کے حوالے سے سخت تشویش ہے ۔انہوں نے کہاکہ یسین ملک کو کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار بھارت کا شدت پسند وزیر اعظم نریندر مودی ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان حریت رہنماوں کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ کو خط لکھے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت لیپہ کے جس علاقے میں سرجیکل سٹرائیک کا دعوی کر رہاہے میں وہاں دورہ کر کے آچکاہوں اس علاقے میں کسی سرجیکل سٹرائیک کے آثار نہیں ہیں اس علاقے کو جغرافیہ ایسا ہے جہاں بھارتی فوج کا گھسنا ناممکن تھا بھارت مقبوضہ کشمیر کے جس علاقے میں سرجیکل سٹرائیک کی جعلی فلم بنا رہاہے وہاں سے پاکستان کا علاقہ صاف نظر آتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں راجہ فاروق حیدرنے بتایا کہ آزادکشمیر سپیشل برانچ کے ایک ایس پی کو بھارت نے آئی جی پنجاب بن کر ٹریپ کرنے کی کوشش کی ،ایس پی نے مجھے بتایا کہ مجھے ایک فون آیا کہ میں آئی جی پنجاب بول رہاہوں جس پر اس نے انہیں کہاکہ آپ لینڈ لائن سے فون کریں تب میں آپ سے بات کروں گا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ایل او سی پر پاکستانی شہریوں کے حوصلے بہت بلند ہیں اور کوئی شخص اپنا گھر چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ہماری سول آبادی فوج سے بھی آگے بالکل ایل او سی پر رہتی ہے بھارتی فوج پہلے ہم سویلین کو مارے گی تب ہی پاکستانی فوج تک پہنچے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم سینوں پر گولی کھانے کی رسم ادا کرتے رہیں گے ۔