سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کے بل کا جائزہ لینے کیلئے سینئر وزیر نثار کھوڑو کی سربراہی میں چار رکنی وزارتی کمیٹی قائم کردی گئی

سندھ فوڈ اتھارٹی بل کو سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائیگا، منظوری کے بعد سندھ فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں آجائیگا، نثارکھوڑو

جمعرات 6 اکتوبر 2016 17:14

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 اکتوبر- 2016ء) سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کے بل کا جائزہ لینے کے لیئے سینئر وزیر نثار کھوڑو کی سربراہی میں چار رکنی وزارتی کمیٹی قائم کردی گئی ۔کمیٹی کا بل کے جائزہ کے لیئے پہلا اجلاس ۔بل کے قانونی نکات سمیت دیگر پہلووٗں کا جائزہ لیا گیا ۔سندھ حکومت کی جانب سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کے بل 2016ء کے جائزہ کے لیے محکمہ خوراک کے سینئر وزیر نثاراحمد کھوڑو کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں وزیر بلدیات جام خان شورو،وزیر صحت ڈاکٹر سکندر مندہرو اورمشیر قانون مرتضیٰ وہاب شامل ہیں ۔

جمعرات کے روز کمیٹی کے سربراہ نثاراحمد کھوڑو کی صدارت میں سندھ فوڈ اتھارٹی بل کے جائزہ کی وزارتی کمیٹی کا پہلااجلاس ان کے دفتر میں ہوا جس میں فوڈ اتھارٹی بل 2016ء کا ڈرافٹ تیار کرنے کے لیئے مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں بل کے قانونی نکا ت سمیت دیگر پہلو وٗ ں کا جائزہ لیا گیا ہے اور یہ کمیٹی سندھ فوڈ اتھارٹی بل کا ڈرافٹ تیار کرکے رپورٹ 15دن کے اندر سندھ کابینہ کو پیش کرے گی۔نثار کھوڑونے مزید کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی بل کو سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائیگااور اسمبلی کی منظوری کے بعد سندھ فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں آجائیگا۔

متعلقہ عنوان :