نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرکے کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی‘رانا بابر حسین

جمعرات 6 اکتوبر 2016 16:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرکے کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کی، وزیراعظم نے درست موقف اختیار کیا ،پورا ملک ان کے موقف کو اصولی قرار دے رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ حقیقت اب پوری دنیا پر واضح ہو چکی ہے کہ سات لاکھ بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو کچلا نہیں جا سکا۔

ظلم کے ہر وار کے ساتھ بھارتی تسلط سے آزادی کا عزم پُختہ ہو رہا ہے۔ سات دہائیوں سے کشمیریوں کو غلام بنائے رکھنے کے تمام تر حربوں کے باوجود اپنے حقوق کے لیے سر دھڑ کی بازی لگانے والے سرفروشوں کا قافلہ اپنی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

آزادی کے کارواں کی باگیں اب کشمیریوں کی تیسری نسل نے سنبھال لی ہیں۔ ان گنت قربانیاں کشمیریوں کی تحریک کو ایک فیصلہ کن موڑ تک لے آئی ہے۔

معصوم لوگوں کے سینے چھلنی کرنے، اُن کے چہرے مسخ کرنے اور اُنہیں اندھا کرنے سے اس تحریک کا راستہ نہیں روکا جا سکتا ہے۔ یہ حقیقت دیوار پر لکھی نظر آ رہی ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اُن حق کے سے محروم نہیں رکھ سکتا جس کا وعدہ اُس نے ساری دنیا سے کر رکھا ہے اور جس کی ضمانت پوری عالمی برادری نے دے رکھی ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہیں۔ کشمیریوں کے لہو نے اُن قراردادوں کو پھر سے تازہ کر دیا ہے۔