ائیر بلیو جہاز کے عملے نے دوران پرواز مردہ قرار دئےمسافر کی جان بچا لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 6 اکتوبر 2016 15:22

ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 اکتوبر 2016ء): ائیر بلیو کے عملے نے مردہ قرار دئے گئے مسافر کی جان بچا لی۔ تفصیلات کے مطابق 23 ستمبر 2016ء کو ائیر بلیو کی پرواز پی اے 873 رات ایک بجکر 40 منٹ پر جدہ سےملتان کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز کے دوران ہی محمد خان نامی ایک شخص کی حالت بگڑ گئی اور بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ 67 سالہ محمد خان کا پرواز میں موجود ایک ڈاکٹر نے معائنہ کیا جن کا کہنا تھا کہ محمد خان کا انتقال ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن جہاز میں موجود عملے نے اپنی ابتدائی طبی امداد کی تربیت کو استعمال کرتے ہوئے محمد خان کی جان بچا لی۔ جہاز کے عملے نے فوری طور پر کارڈیو پلمونری تربیت کا استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر محمد خان کی زندگی بچا لی۔ طبی امداد کے 20 منٹ کے بعد ہی محمد خان کو ہوش آ گیا اور ان کا سانس بھی بحال ہو گیا۔ بعد ازاں جہاز کے پائلٹ نے پرواز کا رخ قریب ترین ائیر پورٹ کی جانب موڑ لیا اور محمد خان کو بہترین طبی سہولت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔