پاکستان میں تخفیف غربت اور غذائی تحفظ میں عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت کی خدمات قابل تعریف ہیں ‘وزیراعظم

جمعرات 6 اکتوبر 2016 14:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تخفیف غربت اور غذائی تحفظ میں عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت کی خدمات قابل تعریف ہیں ‘ حکومت ایف اے او کی غذائی تحفظ سے متعلق سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وہ جمعرات کو ایف اے او کے ڈائریکٹر جنرل جوزے گرازیانیو ڈیسلوا سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دور ان بات چیت کررہے تھے ۔

وزیراعظم نے پاکستان میں پائیدار روزگار اور دیہی ترقی کیلئے ادارے کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آفت زدہ علاقوں میں ادارے کے روزگار کے پروگرام بھی لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ حکومت ایف اے او کی غذائی تحفظ سے متعلق سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

جوزے گرازیانیو ڈیسلوا نے کہا کہ ان کا ادارہ سب کیلئے غذائی تحفظ کے حصول کیلئے کوشاں ہے تاکہ لوگوں کو اعلیٰ معیار کی وافر غذاء تک باقاعدہ رسائی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کی کوششوں کا مقصد پائیدار انتظام اور اراضی، پانی، ہوا، موسم اور نامیاتی وسائل کے استعمال کے ذریعے سرگرم اور صحت مند زندگی کیلئے لوگوں کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں ایف اے او کے مختلف جاری منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وفد میں اتاشی ڈی کیبنٹ ایف اے او کائی مہارا، اور ایف اے او کے کنٹری نمائندے پیٹرک ٹی ایونز شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر غذائی تحفظ و تحقیق سکندر حیات بوسن بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :