کشمیریوں کا حق ہے کہ عالمی برادری ان کی اخلاقی اورسیاسی حمایت کرے، پاکستان

جمعرات 6 اکتوبر 2016 13:23

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا جلد ازجلد حل وقت کا تقاضا ہے اور کشمیریوں کا حق ہے کہ عالمی برادری ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرے۔ پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کے ساتھ خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے ، بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں سے مسلسل انحراف کررہا ہے، مسئلہ کشمیرعوام کی امنگوں کے مطابق آزادانہ رائے شماری سے حل ہونا چاہیے، تنازعہ کشمیر کا جلد ازجلد حل وقت کا تقاضا ہے جب کہ کشمیریوں کا حق ہے کہ عالمی برادری ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرے۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنربرائے انسانی حقوق کی غیر مشروط رسائی دینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چند ہفتوں سے کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری کررہا ہے ، بھارت کو کشیدگی میں کمی کیلئے پہلا قدم اٹھانا چاہیے جب کہ پاکستان بھارت کے اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بھی آزادانہ کام نہیں کرنے دے رہا لیکن پاکستان عوام کے مفاد میں نتیجہ خیزمذاکرات کیلئے تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :