Live Updates

قومی سلامتی کے معاملے پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے ‘ مصدق ملک

جمعرات 6 اکتوبر 2016 13:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے ‘ پاکستان پر امن ملک ہے ‘ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے ‘ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک ہی صفحے پر ہے ‘کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور دنیا کے ساتھ ساتھ پورے خطے کا امن بھی چاہتا ہے لیکن ہماری امن کی اس خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے، پاکستانی قوم کا مورال بلندہے اور وہ ہر قسم کے امتحان کیلئے تیار ہے، ہم اپنا دفاع اور حفاظت کرنا بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اس لئے کسی کو کسی بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم نے کہاکہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک ہی صفحے پر ہے اسلئے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں جسے دنیا بھی جانتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیر کے روز ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی گئی اور بھارت کو ایک مضبوط پیغام دیا گیا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت کو جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز ایک اور اجلاس بھی ہوا جس میں سیکیورٹی کے تمام اداروں کی قیادت موجود تھی جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بنائے جانے والے اسٹرکچر پر ہونے والے کام کا جائزہ بھی لیا اور ساتھ ہی ایک مضبوط پیغام بھی دیا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں اور خطے میں بھی امن چاہتے ہیں لیکن ہماری امن کی اس خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے، ہماری عسکری قیادت ملکی دفاع اور حفاظت کیلئے پرعزم ہے اورپوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہے اس لیے اگر کسی نے بھی ہمارے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل جاری ہے جو جامع اور شفاف ہونا چاہیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھی جامع اور شفاف احتساب کی حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات