اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے ‘ پاکستان کا پھر مطالبہ

عالمی برادری کو کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرنی چاہیے ‘ملیحہ لودھی

جمعرات 6 اکتوبر 2016 13:08

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ پر زور دیا ہے وہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لئے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے ‘مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے ‘ کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوسکا اور خطے میں کشیدگی کی بڑی وجہ بنا ہوا ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ تنازع کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرنی چاہیے۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ بھی دہرایا۔بھارت کی جانب سے حالیہ جارحیت اور خطے میں کشیدگی میں اضافے کے حوالے سے ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کو کشیدگی کے خاتمے کے پہل کرنی چاہیے کیونکہ اس نے ہی صورتحال کو موجودہ نہج تک پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت اور کراس بارڈر فائرنگ کے باوجود پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے بتایا کہ بھارت اقوام متحدہ کے آبزور مشن کو بھی دورے کی اجازت نہیں دے رہا۔

متعلقہ عنوان :