اقوام عالم کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات اور پرامن بقائے باہمی ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول ہیں‘ بھارت نے کبھی بھی دل سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا‘ بھارت اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف بے انتہا پیسہ لگا رہا ہے‘ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہوگی، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 6 اکتوبر 2016 12:58

اسلام آباد ۔6اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ اقوام عالم کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات اور پرامن بقائے باہمی ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول ہیں‘ بھارت نے کبھی بھی دل سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا‘ کالا باغ ڈیم اور اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف بھارت بے انتہا پیسہ لگا رہا ہے‘ ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہوگی۔

جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پالیسی بنانے کے لئے ہمیں کشمیر کی تاریخ‘ جغرافیے‘ بھارتی رویے اور اقوام متحدہ کے اداروں سمیت دنیا کے خوابیدہ ذہن اور رویوں کو بھی سامنے رکھنا چاہئیے ۔

(جاری ہے)

1945ء میں اقوام متحدہ کا ادارہ قائم ہوا‘ جنگوں میں لاکھوں جانیں ضائع ہوئیں مگر یہ ادارہ اپنا کوئی کردار ادا نہیں کر سکا۔

کشمیر کا مسئلہ اگر صحیح طور پر حل نہ کیا گیا تو تباہی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کے ساتھ برابر ی کی سطح پر تعلقات اور پرامن بقائے باہمی ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی رویہ ہماری دوستی اور مذاکرات کی خواہش کے بدلے میں اسی لئے جارحانہ ہے کیونکہ انہوں نے کبھی پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا، مودی حکومت کشمیریوں کو دبا کر رکھنا چاہتی ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے، پاکستان مخالف سرگرمیاں بھارتی سیاست کی فکری اساس ہے، وہ پاکستان کو ہر لحاظ سے اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کالا باغ ڈیم اور اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف بھارت بے انتہا پیسہ لگا رہا ہے۔ ہمیں اس صورتحال کے مقابلے میں قومی یکجہتی برقرار رکھنی ہے۔ افواج پاکستان پر ہمیں فخر ہے‘ پاک فوج کو ہر لحاظ سے مضبوط بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔ ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہوگی۔