کوئٹہ،اے این پی کے زیر اہتمام مغربی روٹ کی عدم تکمیل اور حکمرانوں کی پشتون و بلوچوں کیساتھ بدنیتی اور معاشی قتل کے منصوبوں کیخلاف احتجاجی جلسے اور ریلیاں

بدھ 5 اکتوبر 2016 22:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام سی پیک مغربی روٹ کی عدم تکمیل اور حکمرانوں کی پشتون ، بلوچ اقوام کیساتھ بدنیتی اور ان کے معاشی قتل کے منصوبوں کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں منعقد کی گئیں گزشتہ روز ضلع زیارت کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئیں جو مین چوک زیارت بازار میں احتجاجی جلسہ میں تبدیل ہوئی جلسہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عبدالمالک پانیزئی، مرکزی کمیٹی کے ممبر ملک مہراب خان کاکڑ، سردار فرید اﷲ دومڑ، ملک حبیب اﷲ، میر عالم افغان، دنیا خان انڈر اور دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حکمران انتہائی خطرناک راستے پر چل پڑے ہیں صرف ایک صوبے کے مفادات کو عزیز رکھ کر چھوٹی قومیتوں کو احساس محرومی واحساس بیگانگی کا تاثر دیا گیا جس کا یقینا مستقبل قریب میں اچھے اثرات مرتب نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم گزشتہ دو سالوں سے پشتونوں اور بلوچوں کو دھوکہ دے رہے ہیں جس کی نشاندہی ہم نے روز اول سے کی تھی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک قومی سیاسی جمہوریت جماعت کی حیثیت سے پرامن جدوجہد پر یقین رکھتا ہے اور ہر قسم کی انتہا پسندی کی مخالف رہی ہے لہٰذا ہم واضح کر نا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے قوم کے معاشی قتل عام پر ہر گز خاموش نہیں رہینگے ضلع ژوب اور شیرانی میں بھی گوادر کاشغر اقتصادی راہداری مغربی روٹ پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف ژوب بازار شہید شمس الدین چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جیسے ضلع ژوب کے صدر انور خان مندوخیل، ضلع شیرانی کے صدر امان اﷲ حریفال، انور شیرانی، جمعہ خان بابر، رشید سیال، شیر ولی کبزئی، شاہ محمد اور شمس بابر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وفاق کے نام پر صرف بڑے صوبے کے مفادات کو تحفظ دیا جا رہا ہے جبکہ انتہا پسندی، دہشتگردی اور رجعت پسندی کی شکار صوبہ پشتونخوا، بلوچستان اور فاٹا کو اس اہم معاشی منصوبے سے یکسر محروم کر دیا گیا اور اسے مزید تباہی وبربادی کی طرف دھکیلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں لہٰذا وفاقی حکومت کیساتھ ساتھ صوبائی حکومت بھی اس میں برابر کے شریک ہیں پشتون بلوچ اقوام پنجاب کے حکمرانوں اور صوبے میں ان کے اتحادیوں کے احتساب کیلئے اٹھ کھڑے ہوں ورنہ کرپٹ حکمران ان اقوام کو مزید پستی کی جانب لے جانے دیر نہیں کرینگے ضلع سبی میں سی پیک مغربی روٹ میں تبدیلی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئیں جو سبی پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسہ میں تبدیل ہوئی احتجاجی جلسہ سے ضلعی صدر مجتبیٰ خجک، سعید احمد خجک اور اﷲ داد مرغزانی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ گزشتہ69 سالوں میں پہلی مرتبہ پشتون بلوچ اقوام کی سر زمین سے اس اہم معاشی منصوبے نے گزر نا تھا لیکن پنجاب کے اشرافیہ اور پروردہ قوتوں نے اس کا رخ مغربی روٹ کے بجائے مشرقی روٹ کی طرف تبدیل کر دیا جسے پشتون بلوچ اقوام میں بے چینی کی لہر پیدا ہوئی انہوں نے کہا کہ یہ کسی طور پر بھی فیڈریشن کے حق میں نہیں صرف پنجاب کو پاکستان اور پاکستان کو پنجاب گردانا انتہائی خطرناک عمل ہے لہٰذا ہم مطالبہ کر تے ہیں کہ حکمران مغربی روٹ کو اصل حالت میں بحال کر کے جنگی بنیادوں پر کام شروع کریں۔

متعلقہ عنوان :