Live Updates

تحریک انصاف غیر سرکاری تنظیم ہے ، سیاسی جماعت ملکی مفاد اور این جی او اپنا مفاد مدنظر رکھتی ہے ، عمران خان پاکستان میں رخنہ ڈالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ، عمران خان گولڈ سمتھ فیملی کے اشاروں پر چلتے ہوئے ملک دشمنی کر رہا ہے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اﷲ خان کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2016 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے تحریک انصاف کو این جی اوقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعت ملکی مفاد این جی او اپنا مفاد مدنظر رکھتی ہے ، عمران خان پاکستان میں رخنہ ڈالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ، عمران خان گولڈ سمتھ فیملی کے اشاروں پر چلتے ہوئے ملکی دشمنی کر رہا ہے ۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں شعور ہوتا ہے وہ ملکی مفاد کو مدنظر رکھتی ہیں ، عمران خان کی جماعت سیاسی پارٹی نہیں بلکہ این جی او ہے ، بھارت کی طر ف سے جارحیت کی دھمکیاں مل رہی ہیں ایسے میں بھی عمران خان اپنا مفاد دیکھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنا پاکستان میں رخنہ ڈالنے کو کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ، تین سالوں سے 14اگست کے موقع پر ہماری خوشیوں کو پامال کر رہے ہیں ، یوم آزادی کا احتجاج سے آخر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ۔

مشاہد اﷲ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پھر بھی اگر بھارت کی طرف سے ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی ، مودہ گرج رہا ہے لیکن برسیں گے ہم ، آج پوری قوم کو متحد ہو کر بھارت کو پیغام دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دشمن ایجنڈے کا کام کر رہے ہیں انہیں گولڈ سمتھفیملی سے جوہدایات ملتی ہیں وہ اس پر عمل درآمد کرتے ہیں ، جب پاکستان کا جھنڈا اٹھانے کا وقت آتا ہے عمران خان اپنا جھنڈا اٹھا لیتے ہیں ۔

مشاہد اﷲ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی اب بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی پھیل چکی ہے ،تامل ناڈو بہار اور دیگر ریاستوں میں لوگ آزادی کے نعرے لگا رہے ہیں ، جن پر سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارت نے سرجیکل سٹرائیکس کا بھونڈا ڈرامہ رچایا لیکن وہ بھی ان کے اپنے گلے پڑ گیا ، لگتا ہے کہ بھارتی حکومت فلموں سے بہت متاثر ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات