موٹروے کی تعمیرکے باعث قدیم کچی سڑک بند کرنے پردیہاتیوں کااحتجاجی مظاہرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 5 اکتوبر 2016 19:38

پیرمحل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔05اکتوبر2016ء) :موٹر وے کی تعمیر ،قدیم کچی سڑک بند ،سینکڑوں دیہاتیوں نے حکومت کے خلاف احتجاج اور نعرہ بازی کی۔تفصیلات کے مطابق پیرمحل کے نواحی گاؤں 319گ ب کے قریب سے گزرنے والے زیر تعمیر موٹر وے کی وجہ سے قدیم 66فٹ چوڑی کچی "جرنیلی سڑک"بند ہونے سے حلقہ کھیکھہ ذیل کے درجنوں دیہات کا زمینی راستہ منقطع ہونے کی وجہ سے زمینداروں اور کسانوں کا پیمانہ صبر بھی لبریز ہو گیاجنہوں نے شورکوٹ روڈ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور موٹر وے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ قدیم جرنیلی سڑک کو آمدورفت کے لئے کھولا جائے۔

حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حافظ محمد نجیب سمیت دیگر تحصیل آفیسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

احتجاجی افراد نے بتایا کہ مذکورہ جرنیلی سڑک کو پختہ کرتے ہوئے بائی پاس کی شکل دے کر رجانہ روڈ سے منسلک کرنے کے لئے دو بار سروے بھی کیا جا چکا ہے مگر موٹر وے تعمیر کی آڑ میں درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع کرنا ظالمانہ اقدام ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قیام پاکستان سے قبل صوبہ کے اہم شہروں سے بھارت کو ہونے والی تجارت اسی جرنیلی شاہراہ کے ذریعے عمل میں لائی جاتی رہی ہے مگر کسی بھی زمیندار اور کسان کو اعتماد میں لئے بنا سڑک کو کسی صورت بھی نقشہ سے غائب نہیں ہونے دیا جائے گا۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ جرنیلی سڑک جس کی تاریخ قدیم ہے کو کسی صورت بھی موٹر وے تعمیر کی آڑ میں بندش کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا جس پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :