Live Updates

مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ، فاٹا ہمارا اندرونی حصہ ہے ‘ دونوں کا موازنہ کسی صورت درست نہیں ‘ میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ‘ فاٹا اصلاحات رپورٹ میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے ‘ اسمبلی میں نہیں بولیں گے تو کہاں بولیں گے ‘ عمران خان کے روئیے میں عدم استحکام ‘ انکا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ‘ مجھ پر تنقید کرنے والے ملکی اتحاد کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 5 اکتوبر 2016 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ جبکہ فاٹا ہمارا اندرونی حصہ ہے ‘ دونوں کا موازنہ کسی صورت درست نہیں ‘ میرا قومی اسمبلی میں بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ‘ فاٹا اصلاحات رپورٹ میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے تھے ‘ اسمبلی میں نہیں بولیں گے تو کہاں بولیں گے ‘ عمران خان کے روئیے میں عدم استحکام ہے ‘ عمران خان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ‘ مجھ پر تنقید کرنے والے ملکی اتحاد کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤ س کے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت جارحیت کر رہا ہے ۔ ہماری مسلح افواج بہادری سے دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ ایسے میں بے حد ضروری ہے کہ پوری قوم کو پاک فوج کی پشت پر کھڑا کیا جائے۔ جس کے لئے ہمارے مطالبے پر پہلے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس اور آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا ہے لیکن اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا عمران خان کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

عمران خان کی پارٹی پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی لیکن پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کی رائے میں استحکام نہیں ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بھارت کی صفوں میں اختلاف ہے آزادی کی تحریکیں اٹھ رہی ہیں لیکن ہماری قوم کشمیر کاز پر ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جبکہ فاٹا ہمارا اندرونی معاملہ ہے مجھ پر تنقید کرنے والے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔

میں نے وزیر اعظم سے بات کی اور اسمبلی میں فاٹا اصلاحات رپورٹ میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے ہم پارلیمنٹ میں نہیں بولیں گے تو کہاں بولیں گے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کشمیرکے حساس معاملے کے موقع پر فاٹا اصلاحات کی رپورٹ کس کے اشارے پر پیش کی گئی۔ نہ رپورٹ ایوان میں پیش کی جاتی نہ میں بات کرتا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے دنیا خصوصاً بھارت کو یہ واضح پیغام جائے گا کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں۔ …

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات