نیکٹا 18 اکتوبر کو ہونے والے وزراء اعلی کے اجلاس کیلئے مختلف ایشوز پر جامع ورکنگ پیپر تیار کرے، کالعدم تنظیموں کے ارکان کی فہرست اپ ڈیٹ کی جائے تاکہ ان تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے، چوتھے شیڈول کی فہرست اپ ڈیٹ کرنے کیلئے وزراء اعلی کے ساتھ تجاویز شیئر کریں گے

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی نیکٹا کو ہدایت

بدھ 5 اکتوبر 2016 19:14

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نیکٹا سے کہا ہے کہ وہ 18 اکتوبر سے ہونے والے وزراء اعلی کے اجلاس کیلئے مختلف ایشوز پر ایک جامع ورکنگ پیپر تیار کرے، تمام وزراء اعلی کے اجلاس کا فیصلہ وزیر داخلہ نے گذشتہ روز ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا تھا اور اس سلسلہ میں وزیر داخلہ نے بدھ کو نیکٹا کو چوتھی شیڈولرز لسٹ کے جائزہ کیلئے ورکنگ پیپر کی تیاری کا کام سونپا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چوتھے شیڈول کی فہرست اپ ڈیٹ کرنے کیلئے وزراء اعلی کے ساتھ تجاویز شیئر کریں گے۔ وزیر داخلہ نے نیکٹا کو ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کے ارکان کی فہرست اپ ڈیٹ کی جائے تاکہ ان تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور ملک کے کسی حصہ میں ان کی کسی نئے نام یا شناخت کے ساتھ ان کے دوبارہ ظہور پذیر ہونے کو روکا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے نیکٹا کو حکم دیا کہ کالعدم تنظیموں اور چوتھے شیڈولرز کے اراکین کے بینک اکاؤنٹس، اسلحہ لائسنس، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنسوں اور دیگر شناختی دستاویزات کو بلاک کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے غیر قانونی مالیاتی ذرائع سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے موثر خاتمہ کیلئے نیکٹا کو ایک خصوصی سیل قائم کرنے کیلئے کہا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جائیں۔

مدرسہ اصلاحات اور ملک بھر میں ان کی میپنگ کی پیش رفت کے سلسلہ میں وزیر داخلہ نے کہا کہ علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کو اعتماد میں لیتے ہوئے مدرسوں کی رجسٹریشن کے عمل میں یکسانیت ہونی چاہئے۔ مدرسہ اصلاحات کیلئے وزیر داخلہ نے سیکرٹری داخلہ اور نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر کو ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ رابطہ میں رہا جائے تاکہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز جائز تشویش کو دور کرتے ہوئے اور وزیر داخلہ کے ساتھ وفاق المدارس کے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں اس عمل میں تیزی لائی جائے۔

وزیر داخلہ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر، نادرا کے چیئرمین، امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ آئی این جی اوز کے ایشو کے بارے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کے حکام سے کہا کہ آئی این جی اوز کے ترقیاتی کام کے شعبہ کی کیٹیگری اور گذشتہ تین سال میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تاکہ نئے طریقہ کار کے تحت پاکستان میں آئی این جی اوز کی منظوری کے عمل میں تیزی لائی جا سکے۔

گاڑیوں کی رجسٹریشن کے مرکزی ڈیٹا بینک کے حوالہ سے وزیر داخلہ نے نادرا کے چیئرمین سے کہا کہ وہ پاکستان بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ایک پلان پیش کریں۔ وزیر داخلہ نے نادرا کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کو بلاک کرنے یا غیر بلاک کرنے کے جاری عمل سے متعلق عوام کو باقاعدہ آگاہ رکھا جائے اور کم از کم وقت میں حقیقی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کو غیر بلاک کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :