حکومت اورپارلیمنٹ کشمیرکی آزادی کا روڈ میپ دے۔سراج الحق

مودی نے مقبوضہ کشمیرکے اندرظلم اورجبرکی انتہا کردی ہے،کشمیریوں کی فصلوں کو نذرآتش کیا جارہا ہے،امیرجماعت اسلامی۔۔مسئلہ کشمیرتقسیم برصغیرکا نامکمل ایجنڈا ہے۔راجہ فاروق حیدرکی ملاقات میں گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 5 اکتوبر 2016 19:03

حکومت اورپارلیمنٹ کشمیرکی آزادی کا روڈ میپ دے۔سراج الحق

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05اکتوبر2016ء) :امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پارلیمنٹ مشترکہ طور پر کشمیر کی آزادی کاروڈ میپ دے ۔ میں بیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم اور جبر کی انتہا کر دی ہے، کشمیریوں کی فصلوں کو تباہ اور کھیتوں اور کھلیانوں کو نذر آتش کیا جارہا ہے ۔

68دن سے مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے مارکیٹوں کے اندر کھانے پینے کی اشیاء ختم ہو چکی ہیں ، مائیں اپنے بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں ، ادویات کی شدید قلت ہے ، اس وقت مقبوضہ کشمیر کے اندر شدید بحران ہے، جس کا فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو اپنی طرف سے اسلام آباد میں دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حید ر ،امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے 68سالو ں میں پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ۔ لاکھوں کشمیریوں کو گرفتار کر کے ٹارچر کیا ، 23ہزار سے زائد عفت مآب خواتین کی بے حرمتی کی ، بچوں کو شہید کیا ، سکولوں کو آگ لگائی ، ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری آزادی اور پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔

پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں کشمیر کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کرتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مسلم لیگ سے سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے اور ہے لیکن کشمیر کی آزادی کے لیے ہم حکومت کے ساتھ ہیں ۔ حکومت مشاورت سے کشمیر پالیسی بنائے جس کو آئینی تحفظ حاصل ہو تا کہ وہ ریاستی پالیسی آئین کے اندر مرتب ہو سکے جس کو کوئی تبدیل نہ کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے راجہ فاروق حیدر سے توقع ہے کہ وہ آزادخطے کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنائیں گے ، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے لیے بجٹ میں اضافہ کرے تا کہ یہ ریاست ماڈل ریاست بن سکے ۔ حکومت پاکستان ضلع راولپنڈی میں نالہ لئی پر لگانے والے بجٹ سے بھی کم بجٹ آزاد کشمیر کو دیتی ہے ، اس سے کیا تعمیر و ترقی ہوگی ۔

میں پاکستان میں کشمیریوں کا سفیراور ترجمان بن کر اپنا کردار ادا کرو ں گا ۔ میرے گاؤں اور میرے ضلع سے 1947ء میں ہزاروں قبائلیوں نے کشمیریوں کے ساتھ مل کر جہاد کیا میں اپنے ان بزرگوں کا مقروض ہوں اور کشمیر کی آزادی تک میرے خون کا آخری قطرہ اور آخری سانس کشمیر کے لیے ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم بر صغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جس پر پاکستان اور پاکستانی قوم کو ایک ہو کر مسلسل جدوجہد کرنی چاہیے ۔

جماعت اسلامی پاکستان کے بانی سید ابو الاعلیٰ مودودی سے سراج الحق تک سب نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ ترجیح اول رکھا ۔ سراج الحق پاکستان میں ہمارے سفیر ہیں ، انہوں نے مظفر آباد اور چکوٹھی تک مارچ کیا جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ۔ سراج الحق پاکستان میں بھی کشمیر کی آواز ہیں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی ہماری حلیف جماعت ہے ، میں عبدالرشید ترابی اور ان کی جماعت کا قدر دان ہوں اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام اور قیادت کو مسئلہ کشمیر کے پس منظر کے حوالے سے آگاہی مہم کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے قائدین کو بھی بریفنگ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کشمیری قیادت کو ختم کرنا چاہتا ہے ، یاسین ملک ، سید علی گیلانی سمیت دیگر قائدین کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اس حوالے سے قومی اسمبلی کے مشترکہ سیشن میں اس بات کو شامل کیا جائے۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے ، کشمیریوں نے آزادی سے کم کوئی حل قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔

متعلقہ عنوان :