Live Updates

پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا مشکل اصولی فیصلہ کیا‘عبدالعلیم خان

قومی مسائل عملی حل چاہتے ہیں ، خالی خولی تقریروں ،نعروں اور وعدوں کا کوئی فائدہ نہیں ‘میڈیا سے گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) )تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ تحریک انصا ف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا مشکل لیکن اصولی فیصلہ کیا عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے وہ قدم اٹھایا ہے جو حالات کا تقاضا تھا،تحریک انصاف کرپشن کے خلاف میدان عمل میں ہے بالخصوص پانامہ لیکس میں سامنے آنے والے ثبوتوں کے بعد حکمرانوں کے پا س فرار کا کوئی جواز نہیں لیکن میاں صاحبان مسئلہ کشمیر اور سرحدی صورتحال کی آڑ میں سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش قومی مسائل درحقیقت عملی حل چاہتے ہیں خالی خولی تقریروں ، نعروں اور وعدوں کاکوئی فائدہ نہیں یہ کس قدر مضحکہ خیز صورتحال ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کرپشن پر پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام کے رہنما بھی خطاب کر رہے ہیں جو گذشتہ 10برسوں میں خود اقتدار میں رہے ہیں ایسے ایوان میں صرف تقاریر سننے کا کوئی مقصد نہیں عمران خان نے انتہائی بہادرانہ فیصلہ کیا ہے جس پر ساری پارٹی اُن کے ساتھ ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ جمہوریت اور حکومت کا عوام کو رتی بھر بھی فائدہ نہیں جو زندگی کی بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں ،لوڈ شیڈنگ میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے اور عام آدمی کو بد امنی ،بے روزگاری اور تعلیم و صحت سمیت ہر شعبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا کسی منصوبے کا کوئی فائدہ نہیں ،عمران خان نے جس مشن کا آغاز کیا ہے پی ٹی آئی کا ہر کارکن اسے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک ابھی نہیں تو کبھی نہیں کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور حکمرانوں کو ہر صورت احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات