سکولوں میں چمکتا ، دمکتا مستقبل اور نیا ابھر تا ہو ا پاکستان نظرا ٓرہا ہے ‘رانا مشہود احمد خاں

وزیر اعلیٰ پنجا ب نے تعلیم کے شعبہ کو فوکس کیا ہواہے یہی وجہ ہے کہ محکمہ تعلیم کے بجٹ میں 36فی صد اضافہ کیا گیا ہے سکولوں میں تعمیراتی کاموں اور معیار تعلیم میں بہتری لانے کیلئے سکول کونسل کو فعال کیا جائے ‘صوبائی وزیر تعلیم کا تقریب سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام کی معاشرہ میں بہت قدرواہمیت ہے جنکی محنت ، قابلیت اور ان کی اپنے شعبہ میں کمٹمنٹ کی وجہ سے نوجوان شاندار انداز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،اساتذہ کی شاندار خدمات کے نتیجہ میں سکولوں میں طلبہ کی تعداد سوا کروڑ ہو گئی ہے جبکہ اس سے پہلے80لاکھ طلبہ انرول تھے،سکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے 36ہزار مزید کلاس رومز تعمیر کر نے کی منظوری دے دی ہے اور جلد تعمیراتی کام شروع کر دیئے جائیں گے،وہ سکولوں میں چمکتا ، دمکتا مستقبل اور نیا ابھر تا ہو ا پاکستان دیکھ رہے ہیں ۔

اس سلسلہ میں استا د کا بہت اہم کردار ہے۔ وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے گھوٹوی ہال میں ضلعی انتظامیہ بہاولپور کی جانب سے ورلڈ ٹیچرز ڈے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں شا ندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میں اساتذہ کو وی آئی پی سپیشل کارڈ دینے کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ضلع بہاولپور میں اساتذہ کی عزت و تکریم اور انکی خدمات کو سراہتے ہو ئے سب سے پہلے انہیں وی آئی پی مقام دلانے اور سپیشل کارڈ کا اجراء کیا گیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے احترام اور انکی خدمات کے اعتراف میں اس طرح کا اقدام پنجاب بھر میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچر طلبہ و طالبات کے رول ماڈل ہیں وہ انہیں اعلیٰ تعلیم اور تربیت فراہم کر نے میں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں اساتذہ کی بھر تی خالصتاً میرٹ پر کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجا ب نے تعلیم کے شعبہ کو فوکس کیا ہواہے یہی وجہ ہے کہ محکمہ تعلیم کے بجٹ میں 36فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ڈیڑ ھ لاکھ اساتذہ ریکروٹ کئے گئے ہیں اور اب مزید 70ہزار اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تعمیراتی کاموں اور معیار تعلیم میں بہتری لانے کیلئے سکول کونسل کو فعال کیا جائے ۔

انہوں نے مسرت کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پوزیشن حاصل کر نے والے غریب خاندان کے بچوں میں کمٹمنٹ ، ملک سے محبت اور حصول علم کا شوق پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے بچوں کی بھر پور انداز میں سر پر ستی کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے ورلڈ ٹیچر ڈے کے موقع پر اساتذہ کی عزت و توقیر میں اضافہ اور انہیں سہولیات فراہم کر نے کے حوالہ سے وی آئی پی سپیشل کارڈ کے اجراء پر ڈی سی او ڈاکٹر احتشام انور مہار کی پر خلوص کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے صادق پبلک سکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکول کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں سے آگہی حاصل کی۔ اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر ، پرنسپل پروفیسر نعمان قریشی ، ای ڈی او ایجوکیشن چوہدری بشیر احمد اور اساتذہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اڈاپٹ سکول پالیسی کے تحت صادق پبلک سکول اپنے اطراف میں موجود سکو لوں میں بھی تعلیمی خدمات سرانجام دے تاکہ معیار تعلیم میں اضافہ ہو ۔

بعد ازاں وہ سکول لا ئبریری گئے جہاں انہوں نے لائبریری کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پرنسپل صادق پبلک سکول پروفیسر نعمان قریشی نے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالہ سے بتا یا کہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان پر ی انجینئر نگ گروپ ادارہ کی طالبہ نے بورڈ میں پوزیشن حاصل کی اور ہر مرتبہ سکول کے تعلیمی نتائج شاندار رہے ہیں۔

انہوں نے بتا یا کہ صادق پبلک سکول میں گرلز کیمپس کے ساتھ ساتھ گرلز ہاسٹل کی سہولت بھی میسر ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے عباسیہ ہائیر سیکنڈری سکول کاا چانک معائنہ کیا ۔ انہوں نے کلاس روم میں جاری درس و تدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شاندار تدریسی عمل اور سکول کی صفائی کے کاموں کی تعریف کی۔ صوبائی وزیر نے کلاس روم میں طلباء سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ وہ محنت اور شوق سے تعلیم حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا حصول ممکن نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور طلبہ و طالبات کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی سہولیات فراہم کر نے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سکول کے ٹیچر عمر لطیف کو شابا ش دی جنہوں نے محکمہ پولیس کی ملازمت ترک کر کے بطور استاد اپنی خدمات دینے کو ترجیح دی۔انہوں نے سکول لائبریری ، لیبارٹری اور پلے گراؤنڈ کا بھی معائنہ کیا ۔

انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دیں تاکہ وہ معاشرہ میں اپنا مثبت اور فعال کر دار ادا کر سکیں ۔ اس موقع پر پرنسپل محمد سلیم چوہدری نے بتایا کہ عباسیہ ہائیر سیکنڈری سکول میں تین ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں۔ جہاں انہیں بہتر ماحول میں تعلیم دی جارہی ہے۔