بھارت سی پیک کا بدلہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرکے لے رہا ہے،خواتین یہ نہیں جانتیں ان کے شوہرزندہ بھی ہیں یا نہیں‘ مشال ملک

اڑی حملہ ،سرجیکل سٹرائیکس ڈرامے ہیں ، بھارتی حکومت کشمیر پر توجہ ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ، بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی‘ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ کا تقریب سے خطاب

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارت سی پیک کا بدلہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرکے لے رہا ہے،کرفیوکی وجہ سے اسکول وکالج بند کردیے گئے ہیں اورخواتین یہ نہیں جانتیں ان کے شوہرزندہ بھی ہیں یا نہیں، اڑی حملہ اور سرجیکل سٹرائیکس ڈرامے ہیں ، بھارتی حکومت کشمیر پر توجہ ہٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ، بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی شعبہ پولیٹیکل سائنس اور سنٹر فار ساوٗتھ ایشین سٹڈیزکے زیر اہتمام ’’کشمیر میں بھارتی مظالم : علاقائی اور عالمی مضمراتـ‘‘ کے موضوع الرازی ہال میں منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور یہ اقوام متحدہ کا سب سے پرانا مسئلہ ہے جو ابھی تک حل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کشمیر کا مسئلہ کسی زمین کے ایک ٹکڑے کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ کشمیریوں کے آزادانہ فیصلہ کرنے کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے تاریخ میں اتنا طویل کرفیو کسی علاقہ میں نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنماوٗں اور عوام کو شہید کیا جا رہا ہے۔ خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ بچوں کو بھی جبر و تشددکا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کامسئلہ بھی سنگین ہو گیا ہے ۔ ماں کو بچوں اور بیویوں کو شوہروں کے بارے میں معلوم نہیں کہ زندہ ہیں یا نہیں۔ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے ڈریکونین قوانین کا نفاذ کیا جا رہا ہے حال ہی میں 5000 کشمیریوں کو اغواء کیا گیا ہے۔ تاہم کشمیریوں میں آزادی کا جذبہ مزید ابھر رہا ہے اور ہم جانوں کی پرواہ نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے یسین ملک کو آئی سی یو میں شفٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے تاہم انہیں طبی سہولتیں اور ادویات نہ فراہم کرکے موت کے منہ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڑی حملہ اور سرجیکل سٹرائیکس ڈرامہ ہیں بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا۔