عمران نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکا ٹ کرکے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی ہے ‘پرویز ملک

جس پارلیمنٹ کے وہ ممبر ہیں اسی کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، نہیں مانتے تو مستعفیٰ کیوں نہیں ہوجاتے ‘رکن قومی اسمبلی

بدھ 5 اکتوبر 2016 18:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کی طرف سے مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، ان کار ویہ ہمیشہ جمہوری اداروں کے خلاف رہا ہے،جس پارلیمنٹ کے وہ ممبر ہیں اسی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، اگر وہ پارلیمنٹ کو نہیں مانتے تو پھر اس کی رکنیت سے استعفیٰ کیوں نہیں دے دیتے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد پرویز ملک نے کہا کہ بدہ کو بلایا جانے والا مشترکہ پارلیمنٹ کا اجلاس مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے جنگی جنون کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے اراکین کی رائے اور تجاویز حاصل کرنے کے لئے بلایا گیا تھا، لیکن اجلاس کا بائیکاٹ کرکے عمران خان نے اپنی ذہنی پستی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ی ٹی آئی پہلے بھی بہت کچھ اس ملک اور قوم کے ساتھ کھلواڑ کرچکی ہے ایک مرتبہ پھر اپنا شوق پورا کر لے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قسمت میں مایوسیاں ہی مایوسیاں ہیں۔