پاکستان کا ایشیا میں تعلیم پر کم ترین خرچ کرنے والے ممالک میں تیسرا نمبر دعوے داروں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے،عابد حسین صدیقی

بدھ 5 اکتوبر 2016 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایشیا میں تعلیم پر کم ترین خرچ کرنے والے ممالک میں تیسرا نمبر آنا تعلیم دوستی کے دعوے داروں کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کہنے کو تو ہر سال حکومت تعلیم کی مد میں مختص رقم میں اضافہ کرتی رہتی ہے، مگر اس کے باوجود پاکستان ایشیا کے ان ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جو تعلیم پر کم رقم خرچ کرتے ہیں۔

اس سے ہماری حکومتوں کی تعلیم کے فروغ میں دلچسپی باآسانی آشکار ہوتی ہے۔ جی ڈی پی کے تناسب سے یہ رقم 2.5 فیصد ہے جو نہایت کم ہے۔ اس سے حکومت کا یہ دعویٰ کہ سرکاری سکولوں کی جانب طلبہ کا رجحان بڑھ رہا ہے مشکوک نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری سکولوں میں بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں موجود نہیں۔ تو وہاں کون بچے داخل کرائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ لاہور کے سرکاری سکولوں میں 2لاکھ 90 ہزار بچوں کے داخلے کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے اساتذہ کو گھر گھر جاکر مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اگر حکومت واقعی ملک بھر میں تعلیم عام کرنے اور بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے پروگرام میں سنجیدہ ہے تو اسے سرکاری سکولوں میں طلبہ کو ہر قسم کی ضروری سہولتیں اور بہترین نظام تعلیم دینا ہوگا۔ جس کے لئے تعلیمی بجٹ میں معقول اضافہ کرکے اسے ترقی یافتہ ممالک کے برابر لانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :