کراچی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیاہے، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 40 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس نے مقابلے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، شاہ محمد شاہو، رمضان اورکامران سے کلاشنکوف، رپیٹر اور دستی بم برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزمان سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، بلوچ کالونی میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

رات گئے بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا، علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی کے بعد پندرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

بوٹ بیسن کے علاقے سے پولیس نے ڈکیتی اور قتل میں ملوث ملزم شاہد خان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم چالیس لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث تھا جبکہ ملزم نے ڈیفنس کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران اپنے ساتھی کو قتل کیا تھا، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں ۔

متعلقہ عنوان :