وکلاء کا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ،عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:45

لاہور۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار کی کشمیر کمیٹی کے وکلاء نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے بھارتی قابض افواج کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا،مظاہرین نے کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کے حق میں پلے کارڈز اٹھا کر زبردست نعرے بازی کی اور قابض بھارتی افواج کی پرزور الفاظ میں مذمت کی،اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے نعرے بازیی کی،احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ہائیکورٹ بار کی کشمیر کمیٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں لے کر جائے اور اقوام متحدہ سے رجوع کرے۔