Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی محکموں کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی محکموں کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔تحریک التوابدھ کو آرٹیکل 85 کے تحت سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے جمع کرائی۔تحریک کے متن میں کہاگیا ہے کہ صوبائی محکموں میں بھرتیاں اہم معاملہ ہے اس پر ایوان میں بحث کی جانی چاہئے۔

تحریک انصاف نے بھرتیوں کی مانیٹرنگ کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیاہے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کرنا خوش آئند اقدام ہے تاہم خدشہ ہے کہ ملازمتوں کے معاملے پر صوبائی حکومت ماضی کی تاریخ نہ دہرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محکمہ بلدیات میں پیسے لیکر 12800 جعلی بھرتیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی محکموں کی خالی اسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں اور بھرتیوں کے عمل میں شفافیت کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں پر کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔شہری و دیہی کا فرق نفرت کی لکیر ہے۔شہری و دیہی کی وجہ سے نا انصافی اور سماجی ناہمواری نے جنم لیا۔

35سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود دیہی علاقوں کو ترقی کیوں نہیں دی گئی؟۔خرم شیرزمان نے کہاکہ نفرت میں اضافہ اور احساس محرومی پیدا کرنے والے عوامل پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ریاست کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی طبقہ کو محروم نہ رکھے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی محرومیاں ختم کرنے کی دعویدار لسانی جماعت نے سوائے نعروں کے کچھ نہیں کیا۔تحریک انصاف کراچی کے باصلاحیت نوجوانوں کو انکا حق دلانے کی ہر راست قدم اٹھائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات