سندھ ہائیکورٹ،ٹھٹھہ میں غیرقانونی شراب خانے سے متعلق درخواست کی سماعت، 19اکتوبر تک درخواست گزار کو جواب الجواب داخل کرانے کا حکم

بدھ 5 اکتوبر 2016 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ میں بدھ کوضلع ٹھٹھہ میں غیرقانونی شراب خانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے 19 اکتوبر تک درخواست گزار کو جواب الجواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سیدسجاد علی شاہ کی سربراہی میں بینچ نے سابق رکن سندھ اسمبلی عرفان علی کی جانب سے غیرقانونی شراب خانوں سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ شراب خانے مسلم آبادی کے قریب بنے ہوئے ہیں انہیں ختم کیا جائے، عدالت میں پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ میں بتایاگیا کہ شراب کا اسٹور مسلم آبادی کے قریب ہے، شراب کی دکان مسلم آبادی سے کم فاصلے پر قائم ہے، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو باآسانی شراب تک رسائی حاصل ہے، کراچی کے ڈیفنس فیز ٹو میں چار شراب کے اسٹور قطار سے بنے ہوئے ہیں، شراب بیچنے والا خریدار سے نہیں پوچھتا کہ وہ مسلمان ہے یا نہیں، شراب خانوں میں روزانہ کنٹینرز اترتے ہیں، انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کو 19 اکتوبر تک جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔