اساتذہ تمام تر مفادات سے بالاتر ہو کر تدریس کے عظیم پیشے کواحسن طریقے سے سرانجام دیں، جام مہتاب حسین ڈھر

بدھ 5 اکتوبر 2016 14:11

کراچی ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ تدریس ایک مقدس پیشہ ہے اس سے وابستہ اساتذہ کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری اپنے مقدس پیشے سے وابستگی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور اساتذہ کو مستقبل کے معمار تیار کرنے ہیں تاکہ یہ بچے آگے جا کر ملک کی باگ ڈور احسن طریقے سے سنبھال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قابل اور محنتی اساتذہ کسی بھی قوم کا فخر ہوتے ہیں، آج اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اساتذہ یہ عہد کریں کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دیں گے، طلباء و طالبات کی تعلیمی ترقی اور بہتر تربیت کو اپنا نصب العین سمجھیں گے اور تمام مفادات سے بالاتر ہو کر اس عظیم مقصد کو سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ِتعلیم نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے پیشے سے مخلص رہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اچھی کارکردگی کے حامل اساتذہ کو تعریقی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جام مہتا ب حسین ڈھر نے کہا کہ ملک کے اچھے مستقبل کا انحصار اساتذہ کے محنت پر ہے اور جب تک ہم سب مل کر اس عظیم مقصد کے لئے کام نہیں کریں گے اس وقت تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے۔