لاہور ہائیکورٹ نے 100 افغان فیملیز کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کیخلاف درخواستوں پر نادرا سے رپورٹ طلب کر لی

بدھ 5 اکتوبر 2016 14:07

لاہور۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے ایک سو افغانی فیملیز کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کے خلاف درخواستوں پر نادرا سے آٹھ نو مبر کو تفصیلی رپورٹ طلب کر لی‘چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے اجمل خان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں نادرا کی جانب سے درخواست گزاروں کی فیملیز کے شناختی کارڈز کو بلاک کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے‘ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل عارف گوندل نے عدالت کو بتایا کہ اٹک‘ چکوال اور راولپنڈی میں رہائش پذیر ایک سو افعان خاندانوں کے شناختی کارڈ ز بلاک کردیئے گئے‘درخواستگزاروں کے وکیل نے بتایا کہ شاختی کارڈز بلاک ہونے سے بچوں کے سکول میں داخلوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے‘ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نادرا نے پٹھان خاندانوں کو افغانی ظاہر کردیا اور ان کے شاختی کارڈز بلاک کردیئے ہیں‘ لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست گزاروں کی فیملیز کے شاختی کارڈز بحال کیے جائیں جس پر عدالت نے درخواستوں پر نادرا سے آٹھ نو مبر کو تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔