اسلام آباد ہائیکورٹ ،شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے پر خواجہ آصف کے خلاف درخواست خارج

بدھ 5 اکتوبر 2016 13:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء ) اسلام ا ٓباد ہائیکورٹ نے ’ٹریکٹر ٹرالی‘ کہنے پر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف درخواست خارج کردی۔ پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں ہوئی۔

اس موقع پر شیریں مزاری کے وکیل کی جانب سے دلائل میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے اسپیکر کو مخاطب کر کے کہا ”اے ٹریکٹر ٹرالی نوں وی چپ کرواوٴ ذرا“، خواجہ آصف نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی جس کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی کارروائی کا کہا گیا لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ شیریں مزاری کے وکیل نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ خواجہ آصف کو اسمبلی رکنیت کے لیے نااہل قرار دینے کا معاملہ الیکشن کمیشن بھجوانے کا حکم دیا جائے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو خواجہ آصف کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے شیریں مزاری کی جانب سے دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی معاملہ عدالت میں زیر بحث نہیں لایا جاسکتا۔ واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے 8 جون کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو نام لئے بغیر ٹریکٹر ٹرالی کہا تھا جس پر تمام اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :