پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی چودھری عبدالغفور کی وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان سے ملاقات

بدھ 5 اکتوبر 2016 12:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے گلگت بلتستان میں بین الاقوامی معیار کے پری فیبریکیٹڈ رومز اور ٹینٹ ویلیج قائم کرے گی جبکہ اندرون و بیرون ملک سیاحوں کو پاکستان کے دلکش اور خوبصورت سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنے کے لئے ”سیاحتی سفیروں“ کا تقرر کیا جائے گا۔

اس بات کا اظہار ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چودھری عبدالغفور خاں نے اسلام آباد میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چودھری عبدالغفور خاں نے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی گلگت بلتستان میں سیاحوں کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف سیاحتی مقامات پر بین الاقوامی معیار کے پری فیبریکیٹڈ کمرے قائم کرے گی جو جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انہیں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے مختلف منصوبہ جات کے حوالے سے جلد ہی اجلاس منعقد کئے جائیں گے جن میں سیاحوں کو بہتر سہولیات اور رعایتی پیکیجز فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح گلگت بلتستان کا رخ کریں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے پی ٹی ڈی سی کی طرف سے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے مزید سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کی کاوشوں اور پاکستان کے سیکورٹی اداروں خاص طور پر پاک آرمی کی قربانیوں کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے۔ گلگت بلتستان میں ریکارڈ سیاحوں کی آمد ہوئی ہے جس سے گلگت بلتستان میں دم توڑتی سیاحتی انڈسٹری کو تقویت ملی ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چودھری عبدالغفور خاں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بتایا کہ وہ اندرون و بیرون ملک سیاحت کے سفیر تعینات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کے پرکشش سیاحتی مقامات کی طرف راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی ٹورازم کنونشن اور لائٹ شو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا۔

چودھری عبدالغفور خاں نے راما لیک اور عطاء آباد جھیل کے مقام پر ٹینٹ ویلیج اور بین الاقوامی معیار کے پری فیبریکیٹڈ رومز کے لئے اراضی فراہم کرنے کی یقین دہانی پروزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک سے سیاح گلگت بلتستان کی قدرتی اور دلکش خوبصورتی کا نظارہ کرنے کے لئے 7 سے 8 لاکھ سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا اور اس علاقے میں سیاحوں کے ٹھہرنے کے لئے ہوٹلز میں 5 سے 6 ہزار رومز کی گنجائش ہے۔

چوہدری غفور نے اس موقع پر کہا کہ اس حوالے سے کمی کو پورا کرنے کے لئے پی ٹی ڈی سی نئے ٹینٹ ویلیج اور دیگر سیاحتی سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے بتایا کہ استور‘ راما‘ راکا پوشی ویو پوائنٹ سے بیس کیمپ ‘ نلتر ویلی اورراما لیک کے مقام پر چیئر لفٹ لگائے جانے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے‘ جلد ہی اس پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔ چودھری عبدالغفور خاں نے سیاحت کے فروغ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی گہری دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ڈی سی اور گلگت بلتستان کی حکومت سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :