”پائریٹس آف دی کیربیئن“ کے نئے حصہ کا ٹیزر جاری کردیا گیا

بدھ 5 اکتوبر 2016 11:54

”پائریٹس آف دی کیربیئن“ کے نئے حصہ کا ٹیزر جاری کردیا گیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اکتوبر۔2016ء)ہالی ووڈ اداکار جونی ڈیپ کی مشہور فلم سیریز ”پائریٹس آف دی کیربیئن“ کے نئے حصہ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ ٹیزر میں ایک بار پھر خوفناک مخلوق چالاک و مکار بحری قزاق جیک سپیرو کی تلاش میں سرگرداں نظر آرہی ہے۔بحری قزاقوں کی مختلف مہمات پر مبنی ’پائریٹس آف دی کیربیئن‘ کے اس سے قبل 4 حصے پیش کیے جا چکے ہیں۔

ہر حصہ میں بحری قزاق جیک سپیرو کبھی جان بچانے کے لیے، اور کبھی اپنے جہاز کی تلاش کے لیے طلسماتی سفر اختیار کرتا ہے جہاں اس کا سامنا خوفناک مخلوق سے ہوتا ہے۔ہر بار وہ نہایت مکاری سے اپنی جان بچا کر دشمنوں کے دانت کھٹے کرنے میں کامیاب رہتا ہے۔نئے حصہ ’ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ میں ایک زومبی کیپٹن سالازار جیک سپیرو کی تلاش میں ہے۔

(جاری ہے)

ایک نو عمر لڑکا جس کے بارے میں قیاس ہے کہ وہ جیک سپیرو کے ایک ہمدرد ول ٹرنر کا بیٹا ہے، کپتان سالازار کی قید میں ہے۔

کپتان سالازار اسے پیغام دیتا ہے، ’جیک سپیرو کو میرے لیے ڈھونڈ کر لاوٴ۔ اسے میرا پیغام دینا کہ موت اس کے تعاقب میں ہے۔کپتان سالازار کا کردار ادا کرنے والے ہویئر برڈیم ’نو کنٹری فار اولڈ مین‘ میں اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔پچھلے حصوں میں کیرا نائٹلی اور پینی لوپ کروز کے بعد اب آئندہ حصہ میں برطانوی اداکارہ کایا سکوڈلریو جلوہ گر ہوں گی۔فلمی ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فلم جونی ڈیپ کے کیریئر کو سہارا دینے میں کامیاب ہوسکے گی جو اپنی بیوی کی جانب سے طلاق کے کیس اور مختلف تنازعوں میں الجھنے کے باعث مسلسل خبروں میں رہے ہیں۔فلم ’پائریٹس آف دی کیربیئن ۔ ڈیڈ مین ٹیل نو ٹیلز‘ اگلے برس 26 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔