پاکستان کے حق میں بولنے پر اوم پوری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج

بھارتی میڈیا ملک کے 22 کروڑمسلمانوں کو نہ بھڑکائے، اوم پوری بھارتی اینکر پر برس پڑے

بدھ 5 اکتوبر 2016 11:44

پاکستان کے حق میں بولنے پر اوم پوری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اکتوبر۔2016ء) بالی ووڈ میں ایسے افراد کی کمی نہیں جوپاکستان کے خلاف شاہ سے زیادہ شاہ کے وفاداربن کربولتے ہیں لیکن ایسے بھی فنکارموجود ہیں جوسچی بات منہ پرکہہ دینے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے اور ان میں سے ایک اوم پوری بھی ہیں جنہیں پاکستان کے حق میں بولنے پر اب بغاوت کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے اندھیری پولیس اسٹیشن میں مقامی شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ اوم پوری نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں پاکستان کے حق میں جب کہ بھارت اوربھارتی فوج کے خلاف بولا ہے جس کی بنیاد پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔اوم پوری بھارتی ٹی وی پروگرام میں شریک تھے جس کا موضوع پاک بھارت کشیدگی اوربالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کا کام تھا، اوم پوری سے جب بارہ مولا میں بھارتی فوجی کی ہلاکت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مرنے والے کو انہوں نے کہا تھا کہ وہ فوج میں جائے۔

(جاری ہے)

سلمان خان کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کی حمایت کے سوال پراوم پوری نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے کیا سلمان خان کا معاملہ اٹھا رکھا ہے۔پروگرام میں اوم پوری نے اینکر سے کہاکہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان بھی فلسطین و اسرائیل بن جائے اور صدیوں لڑتے رہیں ، یہ صرف ملک اور زمین کا مسئلہ نہیں بلکہ خاندانوں کی بات ہے، ہندوستان میں 22 کروڑ مسلمان رہتے ہیں اور ان کے رشتے دار وہاں جب کہ پاکستانیوں کے رشتہ دار یہاں بستے ہیں لہذا یہاں کے مسلمانوں کا نہ بھڑکایا جائے۔پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے سوال پراوم پوری نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ضرورکام کریں گے اورپھروہ احتجاجاً ٹی وی شوچھوڑکرچلے گئے۔

متعلقہ عنوان :