عالمی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رحجان جاری‘برطانیہ کے اخراج کے بارے میں ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد سونے کی قیمتیں کم ترین سطح پر پہنچ گئیں

بدھ 5 اکتوبر 2016 11:27

لندن ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) عالمی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رحجان جاری ہے اور یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے بارے میں ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد سونے کی قیمتیں کم ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 1.7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور مستقبل کے سودے 1289.17 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔

(جاری ہے)

دسمبر کیلئے یو ایس گولڈ فیوچر کے تحت مستقبل میں خریداری کے معاہدے 22.30 ڈالر فی اونس کمی کے بعد 1290.40 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔سنگا پور میں سونے کی قیمتوں میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور مستقبل کے سودے 1307.70 ڈالر فی اونس میں طے ہوئے۔ ایک مرحلہ پر یہ قیمتیں 1307.15 ڈالر فی اونس تک گر گئیں جو گزشتہ تین ہفتوں کی کم ترین سطح ہے ۔ نیویارک میں سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 0.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور مستقبل کے سودے 1311.54 ڈالر فی اونس میں طے ہوئے۔