2020تک مالی شمولیت کا50فیصد ہدف حاصل کرلیا جائیگا،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

ملک میں 20لاکھ افراد کو مائیکرو فنانسنگ کی اشد ضرورت ہے ،اب تک 4.3ملین افراد کو مائیکرو فنانسنگ فراہم کرچکے ہیں،تقریب سے خطاب

منگل 4 اکتوبر 2016 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء) اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے کہا ہے کہ 2020تک مالی شمولیت کا50فیصد کا ہدف حاصل کرلیا جائیگا ،اس وقت ملک میں 20لاکھ افراد کو مائیکرو فنانسنگ کی اشد ضرورت ہے اور اب تک ہم 4.3ملین افراد کو مائیکرو فنانسنگ فراہم کرچکے ہیں،وہ گزشتہ روز شیمراک کانفرنسز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ10ویں مائیکرو فنانس فورم سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

مائیکرو فنانس فورم کی تقریب میں مائیکرو فنانس اعترافی ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے،شیمراک کانفرنسز انٹر نیشنل کواس فورم کے انعقاد کیلئے BRAC پاکستان،موبی لنک مائیکرو فنانس بینک اور خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کا تعاون حاصل تھا۔اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے مائیکرو فنانس فورم کا افتتاح کیا اور اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سال2020تک مالی شمولیت کا50فیصد ہدف حاصل کرنے کیلئے ہم سہ رخی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں اور مالی شمولیت میں اضافے سے ملکی معاشی ترقی کی راہیں بھی ہموار ہونگی،گورنر اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک مائیکرو فنانس سیکٹر کی ترقی کیلئے سازگار ریگولیٹری ماحول تیار کررہا ہے جس کے نتیجے میں مائیکرو فنانس سیکٹر کیلئے قرضوں کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اخوت فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اپنے خطاب میں چھوٹے قرضوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قرضوں کی فراہمی کے وقت تجارتی مفاد کے ساتھ ساتھ انسانی اقدار کا بھی خیال رکھا جائے تو زیادہ بہتر ہے ،اس شعبے میں بلا سود قرضوں کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور اخوت کا ماڈل اسی طرز پر مشتمل ہے جہاں سود سے پاک چھوٹے قرضوں کی فراہمی سے لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کیا جارہا ہے،چیئرمین پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی زبیر سومرو نے اپنے خطاب میں ایک ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا جو کہ جدید تکنیک اپنانے میں مائیکرو فنانس اداروں کی معاونت کرسکیں،پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک کے سی ای او سید محسن احمد کا کہنا تھا کہ ہم مائیکرو فنانس کے شعبے پر زور دینگے کہ وہ اپنے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے جدت کے طریقہ کار اپنائیں اور چھوٹے قرضوں کو آسان،سستا اور وسیع تر بنانے پر زور دیں،اس موقع پر شیمراک کانفرنسز انٹر نیشنل کے چیئرمین اور فورم کے بانی و کنوینر رچرڈ مینن کا کہنا تھا کہ مائیکرو فنانس اداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہم نے ’’مائیکرو فنانس اعترافی ایوارڈز‘‘ کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اب ہر سال اس فورم کے پلیٹ فارم سے دیئے جائینگے اور اس سال 30سے زائد مائیکرو بینکس اور اداروں کو ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈز دیئے گئے ہیں،فورم کے دیگر شرکاء نے بھی ملک میں چھوٹے قرضو ں کی وسیع تر فراہمی اور طریقہ کار کو سستا اور آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور شیمراک کانفرنسز انٹر نیشنل کی جانب سے منعقدہ مائیکرو فنانس فورم کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :