جی ڈی پی گروتھ کے لیے صنعتی شعبے کے مسائل حل کیے جائیں: فاؤنڈرز گروپ لاہور چیمبر

منگل 4 اکتوبر 2016 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 اکتوبر- 2016ء ) فاؤنڈرز گروپ لاہور چیمبر کے چیئرمین اعجاز بٹ اور سینئر رہنما میاں محمد اشرف نے جی ڈی پی میں اضافے کے لیے صنعتی شعبے کے مسائل حل کرنے اور صنعت سازی کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ فاؤنڈرز گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈرز گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ جی ڈی پی ایک اہم معاشی اشاریہ ہے جس کے بڑھنے سے پاکستان کو بہت سارے معاشی فائدے حاصل ہونگے۔

انہوں نے کہا اگرچہ 2005ء کے بعد سے جی ڈی پی میں پانچ فیصد کی شرح سے اضافہ ہورہا ہے لیکن یہ کافی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 1952سے 2015تک جی ڈی پی کی اوسط شرح 4.91فیصد رہی ہے ۔ 2015 میں پاکستان کا جی ڈی پی 269.7ارب ڈالر رہا جو دنیا کے کل جی ڈی پی کا صرف 0.44فیصد ہے۔ فاؤنڈرز گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ2015میں ملک کا جی ڈی پی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا جو حکومت کی اچھی معاشی پالیسیوں کا عکاس ہے لیکن ملک جن وسائل سے مالامال ہے ان کو مدنظر رکھتے ہوئے جی ڈی پی میں کئی گنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

فاؤنڈرز کے لیڈرز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ توانائی کے بحران اور سیاسی انارکی سمیت وہ تمام مسائل جلد از جلد حل کرے جو سرمایہ کاری اور صنعتی شعبے کی وسعت کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹیں ہیں۔ فاؤنڈرز گروپ کے عہدیداروں نے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بجلی و گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائے تاکہ پیداوار بڑھائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :