مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حقوق امریکا کے حوالے کردیئے گئے-امریکا میںپاکستانی سفیر کی رچرڈ اولسن سے ملاقات-عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی اور ناروا سلوک کا نوٹس لے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے امریکا کو چاہیے کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ اپنی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔پاکستان کا مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 4 اکتوبر 2016 18:27

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حقوق ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04اکتوبر۔2016ء) امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ’شواہد‘ پر مبنی جامع دستاویز امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن کے حوالے کردیے۔پاکستانی سفیر نے امریکی محکمہ خارجہ میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن سے ملاقات کی اور انہیں وہ ڈوزیئر دیا جس میں ہندوستانی فوج کی جانب سے کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات درج ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے عالمی برادری اور خاص طور پر امریکا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں جن میں خواتین، بچے، بزرگ اور بیمار افراد بھی شامل ہیں، ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی اور ناروا سلوک کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے امریکا کو چاہیے کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ اپنی فوج کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا گیا تھا اور بھارت یکطرفہ طور پر انہیں اس حق سے محروم نہیں کرسکتا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ بھارت بطور اقوام متحدہ رکن، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور انسانیت کی مدد کرنے والے اداروں کو کشمیر تک رسائی دے تاکہ وہ حقائق کا اندازہ لگاسکیں۔جلیل عباس جیلانی نے وزیر اعظم نواز شریف کے کشمیریوں کے حوالے سے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان حق خودارادیت حاصل کرنے کی جدوجہد میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔