بھارت ظلم و جبر سے کشمیرں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتا، یاسین ملک

منگل 4 اکتوبر 2016 14:44

سرینگر ۔ 4 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔04 اکتوبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کے ظالمانہ حربے کشمیریوں کوتحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک لے جانے سے نہیں روک سکتے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران100 سے زائد معصوم کشمیریوں کو شہید ، 20,000 سے زائد مردوں، خواتین ، بچوں اور طلباء کو زخمی ، ایک ہزار سے زائد کی بینائی چھین لینے،کروڑوں روپے کی جائیدادیں تباہ اور 10,000سے زائد افراد کو گرفتار کرنے کے باوجود کشمیر دشمن ذہنیت رکھنے والی بھارتی فورسز کی تسکین نہیں ہوئی اور اب انہوں نے میسولینی طرز پر فصلوں اور پھلوں کو نذر آتش کرنے کاایک اور جنگی حربہ استعمال کرنا شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف ان جرائم کا ارتکاب بھارت نواز کشمیری ایجنٹ بھارتی حکومت کی ہدایت پرکر رہے ہیں۔ فرنٹ کے چےئرمین نے کہا کہ اسی قسم کی دہشت گردی میسولینی نے لیبیا میں آزادی پسند عوام کے خلاف کی تھی اور آج بھا رت کشمیر میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے یہی حربہ استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نواز سیاستدان اور دلی اور ناگپور میں ان کے آقا یہ سمجھتے ہیں کہ اس قسم کے جابرانہ حربوں سے وہ کشمیریوں کو دبانے میں کامیاب ہوجائیں گے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر اور دھونس و دباؤ سے عارضی طور پر قبرستان کی خاموشی تو قائم کی جاسکتی ہے لیکن ان سے کشمیرں کی جرات،جذبے اور عزم کو شکست نہیں دی جاسکتی،جنہوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے کا عزم کررکھا ہے اوروہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے لیے حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی طورپر نظربند پارٹی رہنما بشیر احمد بٹ، شوکت احمد بخشی اور محمد یاسین بٹ کو سرینگر کی سینٹرل جیل میں نظربندکردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :