جلیل عباس جیلانی کی رچرڈ اولسن سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی ڈوزیئر پیش کئے

منگل 4 اکتوبر 2016 11:05

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔04 اکتوبر۔2016ء ) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان افغانستان رچرڈ اولسن سے ملاقات کی جس میں انہوں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مبنی ڈوزیئر پیش کئے ۔منگل کو امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے واشنگٹن میں امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن سے ملاقات کی ۔

جلیل عباس جیلانی نے ملاقات میں رچرڈ اولسن کو ڈوزیئر پیش کیا۔ ڈوزیئر میں بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق معلومات فراہم کی گئی۔ اس مو قع پر جلیل عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری بالخصوص امریکہ کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کا نوٹس لینا چاہیے اور امریکہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی دہشتگردی اور ظالمانہ کارروائیاں بند کروائے۔

(جاری ہے)

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرانے کے لیے امریکا سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر دبا وٴ ڈالے۔ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔ جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کوجانیکی اجازت دلوائے۔