بھارت نے جنگ مسلط کی تو قوم اپنے بہادر جرنیل راحیل شریف کے ساتھ مل کر ایسا سبق سکھائے گی کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائیگا،مولانا بشیر احمد شاد

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:38

کمالیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) جمیعت علمائے اسلام (س) پاکستان کے مرکزی سینئر نائب امیر مولانا بشیر احمد شاد نے کہاہے کہ ہمارے ملک کا سپہ سالار ایک بہادر جرنیل ہے۔ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو پوری قوم اپنے بہادر جرنیل راحیل شریف کے ساتھ مل کر ایسا سبق سکھائے گی کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائیگا۔ ہمارے جماعت نے ہمیشہ مشکل وقت میں ملکی سالمیت کی بقا کیلئے پاک فوج کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

ہم ملکی سالمیت کی بقا کے تعاون اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی حدیث مبارکہ ہے کہ اپنے وطن سے پیار کرو ،ہم حدیث اور ملک میں رہنے کی وجہ سے اپنے وطن سے پیار کرتے ہیں انشاء اللہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو انہیں پچھتانے کے علاوہ کچھ حاصل نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کمالیہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اور انشاء اللہ یہ قیامت تک قائم رہے گا۔ ہندو بنیا نے ہم پر جنگ مسلط کی تو ہمارے پاک فوج اس کی ایسی پٹائی کرے گی کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائیگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی سالمیت اور بقاء پر پوری قوم متحد ہے، ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بھی چاہیے کہ وہ ملکی سالمیت کیلئے یک جہتی کا مظاہرہ کریں۔

جو اس وقت حکمرانوں اور سیاستدانوں میں نورا کشتی کا کھیل جاری ہے اسے ختم ہونا چاہیے، ہمارا ملک انتہائی خطرناک صورتحال سے گزررہا ہے، ملک کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے الائنس پر بات چل رہی ہے، محرم الحرام کے بعد اس سلسلہ میں مذاکرات ہونگے، پیر یوسف بخاری جمیعت علمائے اسلام (س) کی سیاسی امور برائے رابطہ کمیٹی کے ممبر ہیں وہ مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔

قائد جمیعت مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور قیام امن کیلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی قائد جمیعت مولانا سمیع الحق کی قیادت میں ملکی سالمیت کے تحفظ کیلئے ملک بھر کے لاکھوں کارکنان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انشاء اللہ وقت آنے پر ملک کا دینی طبقہ ہی اپنے بہادر سپاہ سالار جرنیل راحیل شریف سے مل کر ملک کا دفاع کریں گے۔ اس موقع پر جے یو آئی (س) کے مرکزی رہنمااور ضلعی امیر پیر یوسف بخاری بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :