ناقص اور غیر معیاری سلنڈروں کی تیاری اور فروخت کے خلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ناقص اور غیر معیاری سلنڈروں کی تیاری اور فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا، اوگرا سے منظور شدہ صرف چند کارخانے جبکہ 485 غیر قانونی کارخانوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

اوگرا کے سٹینڈرز کے مطابق گھریلو سلنڈر کا وزن 14 سے 15 کلو گرام اور قیمت 3 ہزار ہونی چاہیے جبکہ غیرقانونی کارخانوں میں تیار ہونے والے سلنڈروں میں گھریلو سلنڈر کا وزن 8 سے 9 کلو گرام اور قیمت 50 سے 60 فیصد کم ہوتی ہے جو کہ ہلکی کوالٹی اور ناقص ہونے کے باعث حادثات کو جنم دیتے ہیں جس کے باعث روزانہ دو سے تین قیمتی جانوں کا ضیاع اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں سال 2016ء کے دوران اب تک 500 جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اوگرا کی منظوری کے بغیر غیر قانونی کارخانوں میں غیر معیاری اور ناقص سلنڈروں کی تیاری کا دھندہ عروج پر ہے اور ناقص اور غیر قانونی سلنڈرروں سے مارکیٹیں بھر کر رہ گئی ہیں جس میں 485 سے زائد ایسے کارخانے ہیں جو کہ اوگرا سے منظور شدہ نہیں ہیں۔