بلوچ کالونی حملہ، گرفتار انسپکٹر کی واردات میں اپنی پستول کے استعمال کی تصدیق

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:12

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، ملزموں نے میری پستول چھین کر فائرنگ کی، گرفتار ایس آئی او واسع جوکھیو نے نیا بیان ریکارڈ کرا دیا، ٹارگٹ کلرز فائرنگ کرنے کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے۔تفتیشی افسر نے سات لاکھ روپے لے کر ملزموں کو فرار کرانے کا اعتراف کر لیاہے۔

بلوچ کالونی کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد 2 ٹارگٹ کلرز کے فرار کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ایس آئی او کورنگی صنعتی ایریا واسع جوکھیو نے اعتراف کیا ہے کہ ٹارگٹ کلرز نے گاڑی کی سیٹ کے نیچے سے اس کی پستول چوری کر کے فائرنگ کر دی جس سے ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

ملزموں نے پستول تان کر مجھے گاڑی میں روکنے کا کہا اور فرار ہوئے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلر امتیاز اور عبدالمالک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے۔ موٹر سائیکل چھیننے کا مقدمہ بھی کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ واقعے میں بچ جانے والے تفتیشی افسر واسع جوکھیو نے اعتراف جرم کر لیا۔ واسع جوکھیو کے مطابق اس نے ملزموں کو فرار کرنے کیلئے لیاری کے منشیات فروش گروپ درویش سے 7 لاکھ روپے وصول کئے۔ ذرائع کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :