افغانستان ، سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں اور بارودی مواد پھٹنے سے 68شدت پسند ہلاک ، 37زخمی،5فوجی بھی مارے گئے

ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم کا دھماکہ ایک ہی خاندان کے 7 افراد ہلاک،جلال آباد میں داعش کے خودکش حملے کی کوشش ناکام ،حملہ آور گرفتار

اتوار 2 اکتوبر 2016 16:34

کابل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) افغان سیکورٹی فورسز کی ملک کے مختلف حصوں میں کاروائیوں اور بارودی مواد پھٹنے سے 68شدت پسند ہلاک اور 37زخمی ہوگئے ، ادھر صوبہ ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک ہیخاندان کے 7 افراد ہلاک ہوگئے،افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں داعش کے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر مختلف صوبوں میں کلیرنس آپریشن کیے ہیں جن میں 63شدت پسند مارے گئے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن صوبہ ننگرہار،لغمان،غزنی ،پکتیا،میدان واردک،لوگر،قندھار،ارزگان،ہرات،گوہر،فرح،قندوز ،بلغلان،سرائے پل،جاؤزجان اور ہلمند میں کیے گئے جس میں 63جنگجو ہلاک اور 37زخمی ہوگئے جبکہ 3دیگر کو گرفتا رکرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسند وں کے خلاف کاروائیوں کے دوران 5افغان فوجی بھی مارے گئے ۔ادھر صوبہ ہلمند میں بارودی مواد نصب کرتے ہوئے دھماکہ ہونے سے 5طالبان ہلاک ہوگے ۔صوبائی گورنرکے ترجمان عمر زاک نے بتایا ہے کہ 5طالبان شدت پسند ضلع نوازاد میں بارودی مواد نصب کررہے تھے کہ دھماکہ ہوگیا جس میں وہ مارے گئے ۔ مارے جانے والوں میں 3دھماکہ خیزمواد بنانے کے ماہر تھے ۔

افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں داعش کے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بناد یا۔این ڈی ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمیل الرحمان نامی خودکش حملہ آور کو شہر کے ایک پرہجوم مقام پر خودکش حملے سے پہلے گرفتار کرلیا گیا۔حملہ آور کو شہر کے حد کابل علاقے سے گرفتارکیا گیا ۔دوسری جانب صوبہ ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے سات افراد ہلاک ہوگئے ۔

صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔دھماکے سے متاثر ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تا ہم ان میں سے کوئی بھی جانبر نہ ہو سکا جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ہلمند کی ایک مرکزی شاہراہ پرہوا،بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والی ایک گاڑی مکمل طورپرتباہ ہو گئی،گاڑی کے تمام مسافر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی گھر کی چارخواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں،اب تک اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے کہ مزکورہ گاڑی کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے،سیکیورٹی حکام کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔