بھار ت میں ہزاروں شہریوں نے ساڑھے نو ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدن اور اثاثے ظاہر کر دیے

حکومت کی ٹیکس ناہندگان کیلئے معافی کی سکیم کے تحت ٹیکس کے 64275 نئے گوشوارے جمع کروائے گئے ہیں،وزیر خزانہ

اتوار 2 اکتوبر 2016 15:17

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) بھار ت میں حکومت کی جانب سے ٹیکس ناہندگان کے لیے معافی کی ایک سکیم میں ہزاروں شہریوں نے مجموعی طور پر ساڑھے نو ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدن اور اثاثے ظاہر کر دیے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ خزانہ ارن جیٹلی کا کہنا ہے کہ اس سکیم کے تحت ٹیکس کے 64275 نئے گوشوارے جمع کروائے گئے ہیں۔

اس سکیم کے تحت شہریوں کو ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے لیے چار ماہ کی مہلت دی گئی تھی جو کہ گذشتہ جمعے کو مکمل ہوئی۔ سکیم کے تحت شہریوں کو آمدن یا اثاثے نہ ظاہر کرنے کے باوجود قانونی کارروائی سے چھوٹ دی گئی ہے تاہم ان افراد کو نہ ادا کیا گیا ٹیکس، سرچارج اور جرمانے کے ساتھ جمع کروانا ہوگا۔ایک اندازے کے مطابق بھارت کی حکومت اس سکیم کے ذریعے تقریبا ساڑھے چار ارب ڈالر کما سکتی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں بلیک منی یا غیر قانونی دولت ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔اس سال کے آغاز میں حکومت نے تقریبا سات لاکھ مشتبہ ٹیکس ناہندگان سے رابطہ کیا تھا اور انھیں ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب کے ساتھ یہ سکیم پیش کی۔ٹیکس ناہندگان کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی کہ اگر وہ اپنے درست گوشوارے جمع کروا دیتے ہیں اور جرمانہ ادا کر دیتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔2014 کے انتخابات میں نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کرپشن اور بلیک منی کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔اپریل میں شائع ہونے والے پاناما لیکس کے بعد سے بھارت میں حکام پر اس حوالے سے کارروائی کرنے کے لیے کافی دبا تھا۔ پاناما لیکس میں تقریبا 500 بھارتی شہریوں کے نام شائع کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :