پاکستان پرعسکریت پسندوں کی اعانت کے الزامات بے بنیاد ہیں ٗ جلیل عباس جیلانی

حقانی نیٹ ورک سمیت تمام عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی گئی ٗ آپریشن ضرب عضب میں چار ہزار سے زائد دہشتگرد مارے گئے ٗبھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے حقیقت سے بہت دور ہیں ٗپاکستانی سفیر کا انٹرویو

اتوار 2 اکتوبر 2016 14:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پرعسکریت پسندوں کی اعانت کے الزامات بے بنیاد ہیں ٗحقانی نیٹ ورک سمیت تمام عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی گئی ٗ آپریشن ضرب عضب میں چار ہزار سے زائد دہشتگرد مارے گئے ٗبھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے حقیقت سے بہت دور ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں4 ہزار سے زیادہ دہشت گرد مارے جاچکے ہیں ٗحقانی نیٹ ورک سمیت تمام عسکریت پسند تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی گئی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان سرد جنگ کیزمانے کی پراکسیزکیخلاف بھی جنگ لڑ رہا ہے ٗایک سوال کے جواب میں جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ2 پڑوسی ایٹمی ملکوں کے درمیان کشیدگی میں شدت نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے، مناسب طاقت کے ساتھ بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہاکہ بھارت سارک چارٹر کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی عوام کو مطمئن کرنے کے لئے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کو سرجیکل حملے کا نام دے رہا ہے، بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ حقیقت سے بہت دور ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے وائٹ ہاؤس اورامریکی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور بلوچستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق تمام دستاویزات بین الاقوامی برادری کو دکھائی گئی ہیں۔ سارک کانفرنس پر بات کرتے ہوے پاکستانی سفیر نے کہاکہ بھارت نے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت سے انکار کرکے سارک کے منشور کی خلاف ورزی کی ہے۔پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسلام آباد میں مجوزہ سارک کانفرنس کے ملتوی ہونے کے بعد ملک کے سفارتی طور پر علاقے یا دنیا میں تنہا ہونے کا تاثر درست نہیں ہے۔