افغانستان ، بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7افراد جاں بحق

اتوار 2 اکتوبر 2016 14:16

کابل (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) افغانستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7افراد جاں بحق ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے سات افراد جاں بحق ہوگئے ۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔

دھماکے سے متاثر ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تا ہم ان میں سے کوئی بھی جانبر نہ ہو سکا جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ہلمند کی ایک مرکزی شاہراہ پرہوا،بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والی ایک گاڑی مکمل طورپرتباہ ہو گئی،گاڑی کے تمام مسافر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی گھر کی چارخواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں،اب تک اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے کہ مزکورہ گاڑی کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے،سیکیورٹی حکام کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :