ایم کیو ایم لندن کا فاروق ستار کو بنیادی رکنیت سے فارغ کرنے کا اعلان

ندیم نصرت پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں،فاروق ستار کو تنظیمی فیصلوں کا کوئی اختیار نہیں، ایم کیو ایم لندن

اتوار 2 اکتوبر 2016 14:05

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) ایم کیو ایم لندن نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو رکنیت سے فارغ کردیا۔ ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں مصطفیٰ عزیز آبادی، قاسم رضا، محمد اشفاق اور واسع جلیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ندیم نصرت پارٹی کے منتخب کنوینر ہیں اور فاروق ستار کو پارٹی میں تنظیمی فیصلوں کا اختیار حاصل نہیں ۔

ایم کیو ایم لندن کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فاروق ستار کی بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی لہذا اب وہ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر نہیں رہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ندیم نصرت ہی پارٹی کے کنوینر ہیں لہذا عوام ان کے بیان کو من و عن تسلیم کریں، تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی فوری طور پر مستعفی ہو جائیں، جو اراکین استعفیٰ نہ دیں عوام سوشل میڈیا پر ان کا بائیکاٹ کر دیں۔

واضح رہے کہ 23 جولائی کو فاروق ستار نے بانی متحدہ سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے جوڑ لیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ لندن قیادت سے کوئی رابطہ ہے اور نہ ہی ان کے کسی فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا جو فیصلہ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کرے گی اسی پر عمل درآمد ہو گا۔