ملک کے موجودہ سرحدی حالات اور محرم الحرام کے حساس ایام کے پیش نظر مذہبی رواداری کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے،مومن آغا

اتوار 2 اکتوبر 2016 14:00

فیصل آباد۔2 اکتوبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) ملک کے موجودہ سرحدی حالات اور محرم الحرام کے حساس ایام کے پیش نظر مذہبی رواداری کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ دشمن ہمارے اتحاد میں رخنہ ڈال کر بدامنی پھیلانے کا مذموم ارادہ رکھتا ہے جسے باہم متحد ہو کر ناکام بنانا ہو گا۔کمشنر فیصل آبا د ڈویژن مومن آغا نے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنما ؤں کو چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور محراب و منبر سے بھائی چارے ‘ پیار و محبت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے تاکہ محرم الحرام پر امن گزارنے میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ آئے ۔

انہوں نے کہا کہ اخلاقی ذمہ داریوں کے ساتھ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری بھی کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کا ماحول برقرار رکھنے میں تمام مسالک کے علماء کرام کی خدمات مثالی ہیں جنہوں نے ہمیشہ امن اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھا اور اس بار بھی مذہبی رواداری اور بردباری کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھنا ہے کیونکہ وطن عزیز کو بیرونی جارحیت کا خطرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علماء کرام مذہبی ہم آہنگی اور آپس میں پیار و محبت کا پیغام سماج میں نچلی سطح تک پہنچائیں تاکہ اتحاد و اتفاق کی فضا برقرار رہے ۔ انہوں نے پر امن محرم کے لئے انتظامیہ و پولیس کے سیکورٹی پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جامع حفاظتی انتظامات پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علما کرام کو ملک کی سلامتی اور بقاء بے حد عزیز ہے جنہوں نے فرقہ واریت کی ہمیشہ حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اخوت کا درس دیا تاہم ان جذبات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ موجودہ حالات میں وطن عزیز کو بیرونی خطرات کا سامنا ہے جسکا متحد ہو کر منہ توڑ جواب د ینا حب الوطنی کا اہم ترین تقاضہ ہے ۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عسکری کامیابیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے مخلصانہ کوششوں میں کمی نہیں آنی چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :